بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کھٹائی میں پڑ گئے؛ آسٹریلوی میڈیا کا دعویٰ

فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بھارت 2029 میں آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جبکہ 2031 میں کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا
شائع 17 فروری 2026 10:06am

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کے باعث مستقبل میں بھارت میں ہونے والے بڑے کرکٹ ایونٹس غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئے ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی اور سفارتی تنازعات سے بچنے کے لیے بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کو آسٹریلیا منتقل کرنے کی تجویز زیر غور آ سکتی ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان تناؤ برقرار رہا تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل متبادل میزبان ملک کے آپشن پر سنجیدگی سے غور کر سکتا ہے تاکہ عالمی ایونٹس متاثر نہ ہوں۔

فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بھارت کو 2029 میں آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جبکہ 2031 میں کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سونپی گئی ہے۔ تاہم موجودہ حالات میں ان ایونٹس کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت پاکستان اور بھارت کی قومی ٹیمیں 2027 تک ایک دوسرے کے ملک کا دورہ نہیں کریں گی، جس کے باعث دوطرفہ سیریز پہلے ہی معطل ہیں۔ ایسے میں آئی سی سی ایونٹس کے لیے غیر جانبدار وینیو یا متبادل میزبان کا معاملہ دوبارہ زیر بحث آ گیا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ایونٹس کو آسٹریلیا منتقل کیا جا سکتا ہے، جہاں پہلے بھی بڑے عالمی ٹورنامنٹس کامیابی سے منعقد ہو چکے ہیں۔