کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، فتنہ الہندوستان کے تین دہشت گرد گرفتار

ملزمان کے قبضے سے پانچ کلو بارودی مواد، دس میٹر پرائما کارڈ، تین ڈیٹونیٹر اور ایک کلو بال بیرنگ برآمد
شائع 16 فروری 2026 09:24am

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے چکراگوٹھ کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرکے فتنہ الہندوستان کے تین انتہائی مطلوب سہولتکاروں کوگرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت یاسر عرفات، خدا بخش اور زاہد حسین عرف بارکزئی کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ کلو بارودی مواد، دس میٹر پرائما کارڈ، تین ڈیٹونیٹر اور ایک کلو بال بیرنگ برآمد کی گئی۔

اس کے علاوہ انتہاپسندی پر مبنی لٹریچر کے تقریباً 250 بکس اور ایک لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان طلبا کو ایک کالعدم تنظیم میں شمولیت کے لیے ذہن سازی کرتے تھے اور تعلیمی اداروں میں انتہاپسندی پر مبنی مواد کی فراہمی میں بھی ملوث رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان نے کراچی کے حساس مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے بارودی مواد خفیہ ٹھکانوں پر چھپا رکھا تھا، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے برآمد کر لیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس کا مقصد شہر میں کسی بڑے نقصان کو روکنا تھا۔ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے۔