غزہ کے لیے بورڈ آف پیس نے پانچ ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے: صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ کے مطابق عالمی برادری کی مشترکہ کوششیں غزہ میں استحکام اور ترقی کے لیے نہایت اہم ثابت ہوں گی۔
شائع 16 فروری 2026 09:22am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں امن، استحکام اور تعمیر نو کے حوالے سے قائم کیے گئے ”بورڈ آف پیس“ کا اہم اجلاس 19 فروری کو واشنگٹن میں منعقد ہوگا، جس میں رکن ممالک کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ بورڈ آف پیس میں شامل ممالک غزہ میں جنگ سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور انسانی امداد کے لیے پانچ ارب ڈالر سے زائد کی مالی معاونت فراہم کرنے پر آمادہ ہو چکے ہیں۔

صدرٹرمپ کے مطابق یہ رقم رہائشی علاقوں کی تعمیر نو، ضروری سہولیات کی بحالی اور انسانی بحران پر قابو پانے میں مدد دے گی۔

انہوں نے مزید بتایا بورڈ آف پیس میں شامل ممالک نے نہ صرف مالی امداد بلکہ ہزاروں اہلکار بھی فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے، جو اقوام متحدہ کی منظوری سے قائم ہونے والی استحکام فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔

اس فورس کا مقصد سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور تعمیر نو کے عمل کو محفوظ ماحول میں مکمل کرنا ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حماس کو ہتھیار ڈالنے کے عزم پر قائم رہنا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کی راہ ہموار ہو سکے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق عالمی برادری کی مشترکہ کوششیں غزہ میں استحکام اور ترقی کے لیے نہایت اہم ثابت ہوں گی۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ بورڈ آف پیس مستقبل میں ایک مؤثر اور نتیجہ خیز ادارہ ثابت ہوگا، جو نہ صرف غزہ کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا بلکہ پورے خطے میں امن کے قیام کے لیے بھی اہم سنگ میل بنے گا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق آئندہ دنوں میں اس منصوبے کی مزید تفصیلات، بشمول تعمیر نو کے عملی مراحل، سیکیورٹی اقدامات اور امدادی سرگرمیوں کے دائرہ کار، بھی منظر عام پر لائی جائیں گی، جن سے عالمی کوششوں کی مکمل تصویر واضح ہو سکے گی۔