فرانس میں بارشوں کے بعد سیلاب سے تباہی، دریاؤں کے بند ٹوٹ گئے
فرانس میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے بعد آنے والے شدید سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے باعث متعدد علاقوں میں نظامِ زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ حکام کے مطابق دریائے دریائے گارون کے بند ٹوٹنے کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دے رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیلابی ریلے نے مکانات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔
کئی رہائشی عمارتوں کی نچلی منزلیں مکمل طور پر ڈوب گئیں جبکہ دیہی علاقوں میں زرعی زمینوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو اداروں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کردی ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام نے دریائے گارون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مزید پانی کے اضافے کے خدشے کے پیشِ نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق حالیہ بارشیں معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے باعث دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔














