متحدہ عرب امارات نے رمضان کے لیے فطرہ، فدیہ اور کفارہ کے نرخ جاری کر دیے
متحدہ عرب امارات کی اسلامی امور کونسل نے رمضان المبارک 2026 کے لیے زکوٰۃ الفطر، روزے کا فدیہ، کفارہ اور افطار کے کھانوں کے معیاری نرخ اور قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔
خلیج ٹائمز نے بتایا کہ یو اے ای کونسل آف اسلامک افیئرز کے مطابق ہر شخص پر زکوٰۃ الفطر (صدقۃ الفطر) واجب ہے، جو 2.5 کلو چاول یا اس کے مساوی نقدی یعنی 25 درہم کی شکل میں دی جا سکتی ہے۔ روزہ رکھنے سے قاصر افراد کے لیے فدیہ 3.25 کلو ”جو“ یا فی دن 20 درہم کے حساب سے مقرر کی گئی ہے۔
حج یا عمرہ کے دوران ممنوعہ اعمال کے لیے فدیہ 120 درہم ہے، جو چھ مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔
افطار کے کھانوں کے لیے ہر روز کم از کم 20 درہم مقرر کیے گئے ہیں تاکہ روزہ داروں کو آسانی ہو اور مستحقین بھی باعزت طریقے سے افطار کر سکیں۔
روزے یا وعدوں کی خلاف ورزی پر کفارہ 1,200 درہم فی دن ہے، جسے ساٹھ مستحق افراد میں 20 درہم کے حساب سے تقسیم کیا جائے گا۔ اسی طرح، توڑے گئے وعدوں کے کفارے کی رقم 200 درہم مقرر کی گئی ہے اور یہ دس مستحقین میں بانٹی جائے گی۔
کونسل نے بتایا کہ یہ نرخ جامع تحقیق اور مارکیٹ سروے کی بنیاد پر طے کیے گئے ہیں، جس میں وزارت معیشت و سیاحت کے ساتھ مشاورت شامل تھی۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ دی جانے والی امداد مستحقین تک بروقت پہنچے اور عطیہ دہندگان کے لیے بھی عمل آسان اور شفاف ہو۔
اسلامی امور کونسل نے زکوٰۃ الفطر دینے کے لیے فجر کے بعد عید کے دن کو سب سے مناسب وقت قرار دیا ہے تاکہ مستحقین عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ ضرورت پڑنے پر یہ پیشگی بھی دی جا سکتی ہے تاکہ خیراتی اداروں میں بھیڑ سے بچا جا سکے۔ شام کے بعد دی گئی رقم قضا کی حیثیت رکھتی ہے، اور تاخیر بلا جواز غیر مستحب ہے۔
کونسل نے یہ بھی واضح کیا کہ نقدی زکوٰۃ الفطر دینا جائز ہے اور آج کے حالات میں اکثر افراد کے لیے یہ زیادہ عملی اور سہل ترین طریقہ ہے تاکہ امداد براہِ راست مستحق تک پہنچ سکے۔
زکوٰۃ الفطر، کفارہ اور فدیہ کی ادائیگی صرف مجاز اداروں کے ذریعے کرنی چاہیے، جن میں جنرل اتھارٹی آف اسلامک افیئرز اینڈ اینڈومنٹس کے تحت زکاۃ فنڈ، ایمیریٹس ریڈ کریسنٹ، اور تصدیق شدہ خیراتی مراکز شامل ہیں۔














