کراچی میں فائرنگ کے واقعات، 4 افراد جاں بحق، 4 زخمی

پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے بعض ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔
شائع 12 فروری 2026 08:47am

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں دو سگے بھائیوں سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے بعض ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔

پہلا واقعہ جیکسن کے علاقے سکندر آباد میں پیش آیا جہاں پانچ ہزار روپے کے معمولی تنازع پر دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔ مقتولین کی شناخت کامران اور سرتاج کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق جھگڑا معمولی رقم کے معاملے پر شروع ہوا جو فائرنگ تک جا پہنچا۔

مقتولین کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے ان کی کمر توڑ دی اور ان کے خاندان کو تباہ کر دیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

دوسرا واقعہ میمن گوٹھ میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے غلام حیدر اور سیف اللہ نامی افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے میں نیہا نامی خاتون بھی زخمی ہوئی جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شراب کی بوتلیں اور نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔ دو موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل محرکات سامنے آ سکیں۔

تیسرا واقعہ دہلی کالونی میں پیش آیا جہاں شادی کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ سے تین افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کی شناخت راشد، طارق اور امجد کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔