پاکستانی طلبا آسٹریلیا میں مفت اسکالر شپ کیسے حاصل کریں؟

درخواستوں کا آغاز یکم فروری 2026 سے ہو چکا ہے۔
شائع 10 فروری 2026 01:11pm

آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ 2027 کے لیے آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپس کی درخواستوں کا آغاز یکم فروری 2026 سے ہوچکا ہے۔ یہ پروگرام ایک بین الاقوامی اسکالرشپ پروگرام ہے جو پاکستانی طلبا کو آسٹریلیا کی معروف یونیورسٹیوں میں ماسٹرز سطح کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت اور پرعزم افراد کو تیار کرنا ہے تاکہ وہ جدید علم، بین الاقوامی تجربے اور قائدانہ صلاحیتیں حاصل کر کے وطن واپس آکر پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپ پروگرام محض ڈگری حاصل کرنے تک محدود نہیں ہے بلکہ طلبا کی قیادت، مہارت سازی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے پر بھی مرکوز ہے۔

اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا دنیا کے جدید تعلیمی نظام سے سیکھ کر اپنے ملک کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کے قابل بنیں گے۔

واضح رہے کہ اس پروگرام میں امیدواروں کا انتخاب شفاف اور سخت معیار کے تحت کیا جاتا ہے۔ تعلیمی کارکردگی، پیشہ ورانہ تجربہ، قائدانہ صلاحیت اور پاکستان کی ترقی میں عملی کردار کی اہلیت کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ خواتین، معذور افراد اور دیگر محروم طبقات کو خصوصی حوصلہ افزائی دی جاتی ہے تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو یکساں مواقع مل سکیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی حکومتوں کے اشتراک سے ایسے شعبے منتخب کیے جاتے ہیں جو ملک کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔ ان میں ماحولیاتی تبدیلی، خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانا، زراعت اور پانی کے وسائل کا بہتر انتظام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور جامع معاشی استحکام شامل ہیں۔

اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی مہارتیں واپس آکر عملی طور پر استعمال کریں۔

یہ اسکالرشپ صرف ماسٹرز سطح کی تعلیم کے لیے ہے اور 2027 میں شروع ہوگی۔ تعلیم کے تمام بنیادی اخراجات اسکالرشپ کے تحت شامل ہیں، بشمول ہوائی سفر، ٹیوشن فیس، رہائش اور روزمرہ کے اخراجات۔ طلبا کی ہیلتھ انشورنس، تعارفی تعلیمی پروگرام، اضافی تعلیمی مدد اور بعض کورسز میں فیلڈ ورک کے لیے مالی سہولت بھی دی جاتی ہے تاکہ وہ بغیر کسی مالی دباؤ کے اپنی تعلیم پر پوری توجہ دے سکیں۔

اس پروگرام میں حصہ لینے کے لیے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا اور پاکستان میں مقیم ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس 16 سالہ تعلیم ہونی چاہیے اور پاکستان میں کم از کم پانچ سال کا متعلقہ پیشہ ورانہ تجربہ ہونا چاہیے۔

درخواست کے وقت عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے اور منتخب امیدوار کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد کم از کم دو سال پاکستان واپس آکر خدمات انجام دینی ہوں گی۔

درخواستیں OASIS پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہیں۔ ہر امیدوار کو اپنی تعلیمی اسناد، تفصیلی سی وی، انگریزی زبان کے ٹیسٹ کا سرٹیفیکیٹ، ریفرنس رپورٹس اور دیگر ضروری دستاویزات فراہم کرنی ہوں گی۔

درخواستوں کا آغاز یکم فروری 2026 سے ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ 30 اپریل 2026 تک جاری رہے گا۔

نامکمل یا تاخیر سے جمع کروائی گئی درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی۔ کامیاب امیدواروں کو 2026 کے آخر میں مطلع کیا جائے گا، جس کے بعد تربیتی مراحل اور آسٹریلیا روانگی کی تیاریاں مکمل کی جائیں گی۔

یہ ایک بہترین موقع ہے کہ آسٹریلیا ایوارڈ اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے پاکستان کے طلبا عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرسکیں گے اور وطن واپس آکر ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے بہترین کردار ادا کرسکیں گے۔ یہ پروگرام نہ صرف تعلیمی ترقی، بلکہ معاشرتی اور اقتصادی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔