ٹی 20 ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے ہرا دیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ روماریو شیفرڈ کی تباہ کن بولنگ اور شمرون ہیٹمائر کی جارحانہ بیٹنگ نے ویسٹ انڈیز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
کولکتہ ایڈنز گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ 147 رنز بنا سکی اور تمام کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
شمرون ہیٹمائر نے 36 گیندوں پر 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں چھ چھکے بھی شامل تھے۔ شرفین رتھرفورڈ نے 26 اور روومین پاول نے 24 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے بریڈ کری نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
183 رنز کے تعاقب کے دوران ایک موقع پر اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 114 رنز پر تین وکٹوں کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں نظر آ رہی تھی اور جیت کے لیے 42 گیندوں پر 69 رنز درکار تھے۔
ویسٹ انڈین باؤلر روماریو شیفرڈ نے 17ویں اوور میں چار وکٹیں حاصل کرکے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے برینڈن مک مولن نے 24 گیندوں پر 42 رنز بنائے، تاہم ان کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی فیلڈنگ بھی نمایاں رہی، شمرون ہیٹمائر نے لیگ سائیڈ پر ایک ہاتھ سے شاندار کیچ لے کر جارج منسی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ورلڈ کپ سے دستبرداری کے بعد اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔












