ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت کا امریکا کو جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی 84 رنز کی جارحانہ اننگز نے بھارتی ٹیم کی لاج رکھ لی
اپ ڈیٹ 07 فروری 2026 09:37pm

آئی سی سی ٹی مینز ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ میچ میں بھارت نے امریکا کو جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف دے دیا۔ بھارتی ٹاپ آرڈر ہوم گراؤنڈ پر بری طرح ناکام نظر آیا تاہم بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے 84 رنز نے بھارتی ٹیم کی لاج رکھ لی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں بھارت کے 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکا کی بیٹنگ جاری ہے۔ 13 رنز کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں کھونے کے بعد 71 رنز پر امریکا کی چوتھی وکٹ گر چکی ہے۔

اوپنر اینڈری گوس 6، سیتیجا مکملا 2 اور کپتان موننک پٹیل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ملیند کمار 34 گیندوں پر 34 رنز اسکور کرکے آؤٹ ہوگئے۔

پہلی اننگز

امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ امریکا کے باؤلرز نے میچ کے آغاز سے ہی بھارتی بیٹرز کو ہوم گراؤنڈ کنڈیشن کا فائدہ نہیں اٹھانے دیا اور پاور پلے میں ہی 4 کھلاڑی آؤٹ کردیے۔

بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد ایشان کشن نے 20 اور تِلک ورما نے 25 رنز بنا کر اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم وہ بھی زیادہ دیر امریکی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکے۔

مڈل آرڈر میں شیوم دوبے، رینکو سنگھ اور ہاردک پانڈیا بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ امریکی باؤلرز نے بھارت کے تین کھلاڑیون کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے ہیں۔ کپتان سوریا کمار نے 49 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

امریکا کی جانب سے شیڈلے وان شالکویک نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار کھلایوں کو آؤٹ کیا، ہرمیت سنگھ نے دو جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی ٹیم فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ بخار کے باعث اس میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ ان کی جگہ محمد سراج کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔