’رانا او رانا، تجھے آج ہم نے پہچانا‘ ہارا ہوا میچ جتوانے پر فہیم اشرف کے چرچے

نیندرلینڈز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ پر آل راؤنڈر فہیم اشرف کی خوب واہ واہ ہورہی ہے
شائع 07 فروری 2026 05:55pm

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ کے خلاف پاکستانی بیٹنگ لائن کی ناکامی پر سوشل میڈیا صافین برہم نظر آرہے ہیں تو دوسری جانب آل راؤنڈر فہیم اشرف اپنی جارحانہ اننگز اور ہارا ہوا میچ جتوانے کے بعد ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی خوب واہ واہ ہورہی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان ایک بڑے اپ سیٹ سے بال بال بچ گیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے یوں تو یہ اسکور 19ویں اوور کی تیسری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تاہم میچ کے دوران ایک موقع پر پاکستان کی شکست یقینی دکھائی دینے لگی تھی۔

گرین شرٹس کی 114 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف کریز پر آئے اور 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے گرین شرٹس کو مشکل سے نکالا اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

سینئر اسپورٹس اینالسٹ شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف کو آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجنا اور کوئی اوور نہ کروانا ایک بڑا فیصلہ تھا مگر فہیم اشرف نے آج ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا اس موقع پر ہمیں یہ کہنا پڑے گا کہ ’رانا او رانا، تجھے آج ہم نے پہچانا‘۔

اس شاندار پرفارمنس کے بعد فہیم اشرف ایک بار پھر پاکستانی شائقینِ کرکٹ کی آنکھوں کا تارا بن گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔

فہیم اشرف کے مداح انہیں سوشل میڈیا پر اکثر ’رانا‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ نیدرلینڈز کے خلاف فتح کے بعد اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین خوشی سے جھوم اٹھے اور ’رانا، رانا‘ کے نعرے لگا کر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے نظر آئے۔

پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی فہیم اشرف کو مزاحیہ انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک شعر کے ساتھ ان کی تصویر پوسٹ کی اور اس پر دلچسپ تبصرہ لکھا ہے کہ ’ماچس تو یونہی بدنام ہے، آگ تو رانا فہیم نے لگا رکھی ہے‘۔

معروف اسپورٹس پریزینٹر زینب عباس نے بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ اگر 148 کے تعاقب میں یہ حال ہے تو 170 یا اس سے زائد کے ٹارگٹ پر کیا ہوگا؟ اگر فہیم اشرف نہ ہوتے تو الزام تراشی کا نیا کھیل شروع ہو جاتا۔

زینب عباس نے ٹی 20 میچ ہونے کے باوجود مڈل آرڈر بیٹرز کے کم اسٹرائیک ریٹ سے متعلق بھی سوال اٹھایا۔

صحافی عمران صدیق نے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی خواہش تھی کہ پاکستان نیدرلینڈز کے خلاف میچ ہار جائے تاکہ اُن کے خلاف میچ کا بائیکاٹ ختم ہوجائے اور پاکستان بھارت کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف کی شاندار اننگز نے بھارت کی خواہش تو خاک ملا دی ہے تاہم مجموعی طور پر ہماری بیٹنگ کی صورتِ حال اچھی نہیں رہی۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو کوئی بات نہیں ہوئی کہ جو ٹیم مقابل ہو ہم اسی کی طرح کرکٹ کھیلنا شروع ہوجاتے ہیں۔

ایک خاتون مداح نے کہا گرمی کی وجہ سے میچ کے دوران ان کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا تاہم جب انہوں نے فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز دیکھی تو ان کی توانائی لوٹ آئی۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے فہیم اشرف کے جڑواں بیٹوں کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے نیدرلینڈز کے خلاف فتح کو فہیم اشرف کے بچوں کے نام کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ آج کا میچ ان دونوں خوبصورت بچوں کے نام، ہم سب ان بچوں کی صحت اور خوشگوار زندگی کے لیے دعاگو ہیں۔

ماہرینِ کرکٹ کے مطابق نیدرلینڈز کے خلاف فتح پاکستان کے لیے بےحد ضروری تھی کیونکہ پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

نیدرلینڈز سے شکست کی صورت میں پاکستان بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرتا تو اس صورت میں پاکستان کے پاس صرف 2 میچز باقی رہ جاتے اور ان دونوں میں جیت کے باوجود پاکستان کے زیادہ سے زیادہ 4 پوائنٹس ہوسکتے تھے جو اگلے مرحلے ’سپر ایٹ‘ میں کوالیفائی کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوتے۔

نیدرلینڈز کے خلاف جیت نے پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے اور اب بائیکاٹ کی صورت میں بھی گرین شرٹس کے پاس اگلے مرحلے تک پہنچنے کا ایک موقع موجود ہے۔ پاکستان اپنا اگلا میچ منگل کو امریکا اور اس کے بعد 18 فروری کو نیمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔