تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ’اُردو کمنٹری‘ کا آغاز

اس اقدام کا مقصد دنیا بھر میں موجود کرکٹ شائقین، بالخصوص پاکستانی ناظرین کے لیے براڈکاسٹنگ کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے
شائع 07 فروری 2026 04:25pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تاریخ رقم ہوگئی، جہاں پہلی مرتبہ کسی بڑے آئی سی سی ایونٹ میں اردو کمنٹری کو باضابطہ طور پر شامل کرلیا گیا ہے، جس سے اردو بولنے والے کرکٹ مداحوں کو میچز دیکھنے کا نیا اور منفرد تجربہ میسر آئے گا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پہلی بار اردو کمنٹری فیڈ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر میں موجود کرکٹ شائقین، بالخصوص پاکستانی ناظرین کے لیے براڈکاسٹنگ کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق اردو کمنٹری کی یہ سہولت خصوصی طور پر پاکستان کے میچوں کے دوران فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان نے اردو زبان میں کمنٹری کے فرائض انجام دیے۔

ٹورنامنٹ کے لیے آئی سی سی کے آفیشل کمنٹری پینل میں پاکستان کے چار مایہ ناز سابق کرکٹرز وسیم اکرم، وقار یونس، رمیز راجہ اور بازید خان کو شامل کیا گیا ہے، جو عالمی کمنٹری فیڈ کے ساتھ ساتھ اردو کمنٹری میں بھی اپنی خدمات انجام دیں گے۔

پاکستان میں اردو کمنٹری سرکاری چینل پی ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی شائقین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔

آئی سی سی کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق میگا ایونٹ میں انگلش کے علاوہ دیگر تین مختلف زبانوں میں کمنٹری کی جائے گی جس میں ہندی، اردو اور نیپالی شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ٹائٹل کے لیے مجموعی طور پر 20 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔

میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 8 مارچ کو منعقد ہوگا۔