ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کا کھیلنے سے انکار، بھارتی ٹیم کے کپتان کا ردعمل بھی آگیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم روایتی حریف کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے سری لنکا جائے گی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ میچ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 15 فروری کو سری لنکا کے شہر میں کولمبو میں شیڈول ہے تاہم حکومتِ پاکستان نے اتوار 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے بعد آئی سی سی بھی پریشان ہوگئی ہے۔
بھارتی کپتان سوریا کماریادیو نے پاکستان کی جانب سے گروپ میچ میں بھارت سے نہ کھیلنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ٹیم پاکستان کے بائیکاٹ کے فیصلے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کے لیے طے شدہ شیڈول کے مطابق کولمبو کا سفر کرے گی۔
جمعرات کو ممبئی میں کپتانوں کی پری ٹورنامنٹ پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ہماری سوچ بالکل واضح ہے، ہماری فلائٹ بک ہو چکی ہے اور ہم سری لنکا روانگی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیم ٹورنامنٹ کے تمام ضابطوں اور آئی سی سی پروٹوکول پر مکمل عمل کرے گی۔
ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے پر پاکستان کو اس میچ کے 2 پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور وہ 2 پوائنٹس بھارت کو مل جائیں گے لیکن اگر بھارت کو پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں 2 پوائنٹس حاصل کرنے ہیں تو رپورٹس کے مطابق ضروری ہے کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی کے پروٹوکول کو فالو کرتے ہوئے جہاں میچ کھیلا جانا تھا وہاں وقت پر موجود ہو اور شیڈول کے مطابق تمام تیاری کرے اور میدان میں پاکستان ٹیم کا انتظار کرے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم آئی سی سی پروٹوکو ل کو فالو کرے گی اور 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس کرے گی اور اسٹیڈیم وقت پر پہنچے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق میچ والے دن پاکستان کے میدان میں نہ ہونے پر بھارت ٹیم میچ ریفری کی جانب سے آفیشل طور پر میچ منسوخ کرنے کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔ اس کے بعد ہی بھارتی ٹیم 2 پوائنٹس حاصل کرسکے گی۔
دوسری جانب پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ ٹیم کے اختیار میں نہیں بلکہ حکومتی فیصلہ ہے جس کا وہ احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف شکست ماضی کا حصہ ہے، اب ایک نیا ورلڈ کپ، نئی ٹیم اور نیا کمبینیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ کی دیگر ٹیمیں بھی مضبوط ہیں اور پاکستان ہر میچ کی تیاری اسی انداز سے کر رہا ہے جیسے کسی بھی دوسری ٹیم کے خلاف کرتا ہے۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اگر ناک آؤٹ مرحلے میں بھارت اور پاکستان کا سامنا ہوا تو کیا ہوگا، جس پر سلمان علیل آغا نے کہا کہ اس حوالے سے بھی حکومتی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔
ادھر آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز میں 0-3 کی شکست کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹ کمنز انجری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے جب کہ جوش ہیزل ووڈ بھی ابتدائی میچز سے محروم رہ سکتے ہیں تاہم بولنگ لائن میں گہرائی موجود ہے۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے بھی ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کے امکانات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک وقت میں ایک میچ پر توجہ دیتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سات فروری سے شروع ہوگا، پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا شامل ہیں۔















