ملتان سلطانز کی نیلامی کب ہوگی؟ تاریخ کا اعلان کردیا گیا

فرنچائز کے حصول کے لیے پانچ کمپنیوں کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا ہے۔
شائع 04 فروری 2026 08:47pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 2021 کی چیمپئن ٹیم ملتان سلطانز کی نیلامی کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔

پی ایس ایل مینجمنٹ کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ’ایکس‘ پر اعلان کیا گیا ہے کہ فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی 9 فروری کو لاہور میں ہوگی۔

ملتان سلطانز کی فرنچائز کے حصول کے لیے 5 کمپنیوں کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا ہے، ان میں علی ترین بھی شامل ہیں جو گزشتہ برس فرنچائز چھوڑنے کے بعد ایک بار پھر اسے واپس حاصل کرنے کے لیے میدان میں آئے ہیں۔

علی ترین کے علاوہ والی ٹیک اور ایم نیکسٹ اینک بھی نیلامی کے عمل میں شریک ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں گذشتہ ماہ حیدرآباد اور سیالکوٹ فرنچائز کی نیلامی میں حصہ لے چکی ہیں مگر ناکام رہی تھیں، اس کے علاوہ سی ڈی وینچر اور پارٹیکل ایگنائٹ پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی نیلامی میں شامل ہونے والی نئی کمپنیاں ہیں جس سے اس بار مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تکنیکی جانچ پڑتال کے عمل کی تکمیل کے بعد فرنچائز کے حصول کی دوڑ میں شامل 5 شارٹ لسٹ بولی دہندگان کا اعلان کیا تھا۔

14 جنوری 2025 کو پی سی بی نے باقاعدہ طور پر ملتان سلطانز کی ملکیتی حقوق فروخت کرنے کا عمل شروع کیا تھا اور دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں اور افراد کو بولی جمع کرانے کے لیے اشتہار جاری کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر تکنیکی تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری مقرر کی گئی تھی جسے بعد ازاں تبدیل کردیا گیا۔

یہ عمل اس وقت شروع ہوا جب ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے نومبر میں فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ علی ترین اور پی سی بی کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے سے تعلقات میں کشیدگی پائی جارہی تھی۔

بعد ازاں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ موجودہ ملکیتی معاہدہ 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے کے بعد بورڈ فرنچائز کا کنٹرول سنبھال لے گا۔ ابتدائی منصوبے کے تحت پی سی بی ایک سال تک ٹیم کو خود چلانے کے بعد 2027 میں نیلامی کرنے کا ارادہ رکھتا تھا تاہم حالیہ فرنچائز نیلامی میں حاصل ہونے والی مضبوط ویلیوایشن کے بعد پی سی بی نے ملتان سلطانز کی فروخت کا عمل پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ ماہ جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی تاریخی نیلامی میں ایف کے ایس گروپ اور او زیڈ ڈیولپرز نے حیدرآباد اور سیالکوٹ کی نئی فرنچائزز بالترتیب ایک ارب 75 کروڑ اور ایک ارب 85 کروڑ روپے میں حاصل کیں، جس کے بعد پی ایس ایل سیزن 11 سے ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ پلیئرز کی نیلامی 11 فروری کو شیڈول ہے۔