اسٹیٹ بینک نے بھی تعطیل کا اعلان کردیا

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق عام تعطیل کی وجہ سے اسٹیٹ بینک بند رہے گا
شائع 03 فروری 2026 08:14pm

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

منگل کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بینک دولت پاکستان حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق جمعرات 5 فروری 2026 کو’’یوم کشمیر‘‘ کے موقع پر بند رہے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ساتھ ساتھ بینکاری امور بھی تعطیل کے باعث معطل رہیں گے اور معمول کی سرگرمیاں اگلے ورکنگ ڈے سے دوبارہ شروع ہوں گی۔

گزشتہ روز وفاقی حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

حکومت پنجاب نے 6 فروری کو بھی صوبے بھر میں چھٹی کا اعلان کیا ہے اور صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ صوبائی سطح پر بشنت کے موقع پر 6 فروری کو چھٹی ہوگی۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب 5 فروری کو کشمیر ڈے کے ساتھ طویل ویک اینڈ کا لطف اٹھائے گا، 6 فروری کو صوبے بھر میں بسنت کی چھٹی ہو گی جب کہ اس کے بعد 7 فروری کو ہفتہ اور 8 فروری کو اتوار ہوگا۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے شب برات کے موقع پر سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 4 فروری کو تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے، جس کا نوٹیفکیشن 30 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کا کہنا تھا کہ شب برأت کی مناسبت سے 15 شعبان 1447 بمطابق 4 فروری 2026 کو تعلیمی اداروں میں تعطیل ہوگی۔