اسرائیلی فوج کی پہلی مسلم ترجمان مقرر ہونے والی خاتون کون ہیں؟

اسرائیلی فوج نے میجر عیلہ واویہ کو نیا عربی ترجمان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شائع 03 فروری 2026 07:38pm

اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے عربی زبان کے لیے میجر عیلہ واویہ کو نیا ترجمان مقرر کیا ہے۔ وہ اسرائیلی فوج کی پہلی مسلم ترجمان ہوں گی۔ میجر عیلہ واویہ مختلف پلیٹ فارمز پر عربی زبان میں اسرائیلی فوج کا مؤقف پیش کرتی نظر آئیں گی۔

اسرائیلی فوج نے منگل کے روز میجر عیلہ واویہ کو آئی ڈی ایف کا عربی زبان کے لیے نیا ترجمان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ اسرائیلی فوج کے عربی میڈیا ڈویژن میں بطور نائب ترجمان خدمات انجام دے رہی تھیں۔

اسرائیلی اخبار دی یروشلم پوسٹ کے مطابق میجر عیلہ واویہ اس عہدے پر کرنل اویخائی ادرعی کی جگہ لیں گی جو تقریباً 20 برس تک عربی زبان میں اسرائیلی فوج کی ترجمانی کرتے رہے۔

36 سالہ عیلہ واویہ عرب مسلم ہیں اور ان کی پیدائش اسرائیلی شہر قلنسوا میں ہوئی، جو تل ابیب کے قریب واقع ہے اور یہاں بڑی تعداد میں عرب مسلمان آباد ہیں۔

وہ 2013 سے آئی ڈی ایف کے شعبہ اطلاعات سے وابستہ ہیں اور حالیہ عرصے میں عربی میڈیا ڈیسک کی سربراہی کر رہی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق میجر میجر عیلہ واویہ کو عہدہ سنبھالتے ہی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی، جس کے بعد وہ اسرائیلی فوج میں اعلیٰ ترین رینک رکھنے والی پہلی مسلم افسر بن جائیں گی۔