بسنت کی تیاریاں: لاہور کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات

بسنت کے دوران ممکنہ حادثات کے پیش نظر اسپتالوں میں بیڈز بھی مختص کیے جائیں، محکمہ صحت
اپ ڈیٹ 02 فروری 2026 06:06pm

محکمہ صحت پنجاب نے بسنت کی مناسبت سے لاہور کے 13 اسپتالوں کو چھ سے آٹھ فروری تک ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بسنت میلہ سجنے کی تیاریوں کے پیش نظر محکمہ صحت پنجاب نے شہر کے 13 سرکاری اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ اسپتال چھ سے آٹھ فروری تک ہائی الرٹ رہیں گے۔

محکمہ صحت کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کو تمام اسپتالوں میں میڈیکل، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی مکمل موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ادویات، ڈرپس، ویکسین اور ضروری سرجیکل سامان کی دستیابی بھی مکمل رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بسنت کے دوران ممکنہ ہنگامی صورت حال کے پیش نظر اسپتالوں میں بیڈز مختص کیے جائیں جب کہ بلڈ بیگز کی دستیابی یقینی بنانے اور خون عطیہ کرنے والے افراد کی فہرستیں تیار رکھنے کا حکم بھی دیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری مراسلے میں اسپتالوں کو ایکسرے، الٹراساونڈ، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشین کو فنکنشل رکھنے کے علاوہ فعال موبائل اور ٹیلی فون کنکشن موجود رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے تمام متعلقہ اسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تیاریوں کا جامع پلان مرتب کرکے فوری طور پر محکمہ صحت کو جمع کروائیں۔

لاہور کے ساتھ مزید 4 اضلاع میں سامان کی تیاری کی اجازت

دوسری جانب لاہور میں 8،7،6 فروری کو بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

لاہور کے ساتھ مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دے دی گئی ہے، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں مواد بنانے کی قابلِ اجازت ہوگی۔

پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت منظوری دی گئی۔ ان 4 اضلاع میں مینوفیکچررز متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رجسٹر ہوں گے اور مینوفیکچررز حکومت پنجاب کے پورٹل سے آن لائن رجسٹریشن کرائیں گے۔

رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف کائٹ فلائنگ رولز کے مطابق پتنگ اور ڈور تیار کر سکیں گے۔ رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو پتنگیں اور ڈور فروخت کر سکیں گے۔

پتنگیں اور ڈور صرف لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو استعمال کے لیے فروخت کی جا سکیں گی۔ 4اضلاع میں تیار پتنگ بازی کا سامان لاہور کے علاوہ کسی اور ضلع میں فروخت یا استعمال نہیں ہو گا۔

چار اضلاع میں ٹریڈر یا سیلر کے طور پر رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی گئی۔ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو منظوری کے مطابق انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ 6،7،8 فروری کو بسنت کی اجازت صرف لاہور کیلئے دی گئی ہے۔