ترکیہ میں مسافر بس خطرناک حادثے کا شکار، 9 افراد ہلاک 26 زخمی

مسافر بس توازن برقرار نہ رکھ سکی اور بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری، رپورٹ
شائع 02 فروری 2026 09:15am

ترکیہ کے سیاحتی شہر انطالیہ میں ایک مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 9 افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ 26 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ترک حکام کے مطابق حادثہ شدید بارش کے دوران تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر بس توازن برقرار نہ رکھ سکی اور بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت بس میں مجموعی طور پر 34 مسافر سوار تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور امدادی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے ہلاک افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق بارش کے باعث پھسلن اور تیز رفتاری حادثے کی بنیادی وجہ قرار دی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے ٹریفک معطل رہی، جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔ حکام نے ڈرائیوروں کو خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔