پنجاب میں 6 فروری کو تعطیل کا اعلان، مگر کیوں؟

یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کیا گیا۔
شائع 01 فروری 2026 10:02pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 6 فروری کو صوبے بھر میں بسنت کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب 5 فروری کو کشمیر ڈے کے ساتھ طویل ویک اینڈ کا لطف اٹھائے گا، 6 فروری کو صوبے بھر میں بسنت کی چھٹی ہو گی جب کہ اس کے بعد 7 فروری کو ہفتہ اور 8 فروری کو اتوار ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پنجاب بھر کے لوگ اس وقت کو آرام کرنے، تازہ دم ہونے اور ان چھٹیوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے استعمال کریں گے۔

دوسری جانب پنجاب کے عوام کو بسنت کے تہوار کا بے صبری سے انتظار ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور کو بسنت کی مناسبت سے سجا دیا گیا ہے جب کہ تمام سڑکیں روشن ہیں۔ لاہور میں بسنت کے لیے پتنگوں اور ڈور کی فروخت آج سے شروع ہوگئی ہے، بسنت کے دوران پتنگ سازی یا فروخت کے لیے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

رواں سال کتنی چھٹیاں ہوں گی؟

وفاقی حکومت نے رواں سال عام تعطیلات اور آپشنل چھٹیاں کا کلینڈر جاری کیا ہے جس میں 11 تعطیلات اور 23 آپشنل چھٹیاں ہوں گی۔ کیلنڈر کے تحت یکم جنوری کے بعد بینک 18 فروری اور یکم جولائی کو بند رہیں گے جبکہ 5 فروری کو یوم کشمیر اور 23 مارچ کو پاکستان ڈے کی سرکاری چھٹی ہوگی۔

اس کے علاوہ 21، 22 اور 23 مارچ کو عید الفطر کی متوقع چھٹیاں ہوں گی اور یکم مئی لیبر ڈے اور 28 مئی یوم تکبیر پر سرکاری چھٹی ہوگی جب کہ 27، 28 اور 29 مئی کو عید الاضحیٰ کی چھٹیاں ہوں گی جبکہ 24 اور 25 جون کو 9 اور 10 محرم کی عام تعطیل ہوگی۔

14 اگست کو ملک بھر میں یوم آزادی، جبکہ 25 اگست کو عید میلاد النبی ﷺ منائی جائے گی اور 9 نومبر کو یوم اقبال اور 25 دسمبر کو قائداعظم ڈے کی چھٹی ہوگی۔ اس کے ساتھ مسیحی برادری کیلیے 26 دسمبر کو بھی تعطیل ہوگی۔

اس کیلنڈر کے مطابق سرکاری اور بینک شعبے کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی اپنے سالانہ شیڈول کے مطابق چھٹیوں کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔