یکم فروری سے پیٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان

وزیراعِظم کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا اعلان کرے گا
شائع 29 جنوری 2026 12:58pm

مہنگائی سے پریشان شہریوں کے لیے بُری خبر سامنے آ گئی ہے، یکم فروری سے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 47 پیسے تک اضافے کی ورکنگ تیار کرلی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 36 پیسے کمی کا امکان ہے، تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 69 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 6 روپے 95 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ابتدائی ورکنگ تیار کر لی گئی ہے، جسے اوگرا 31 جنوری کو پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو گا اور یہ قیمتیں 15 فروری تک نافذ العمل رہیں گی۔