پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی سے 2 اہم رہنماؤں نے استعفیٰ دے دیا

سیاسی کمیٹی میں 2 اراکین کا اضافہ کردیا گیا، اہم رہنماؤں کو سیاسی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے
شائع 28 جنوری 2026 08:30pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاسی کمیٹی سے سابق اپوزیشن لیڈر عمرایوب اور شبلی فراز مستعفی ہو گئے ہیں، دونوں رہنماؤں نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرام راجہ کو سیاسی کمیٹی سے مستعفی ہونے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ دوسری جانب سیاسی کمیٹی میں 2 اراکین کا اضافہ کردیا گیا ہے، اہم رہنماؤں کو سیاسی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بدھ کو پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی سے 2 اہم رہنماؤں نے استعفیٰ دے دیا ہے، مستعفی ہونے والوں میں سابق اپوزیشن لیڈر عمرایوب اور شبلی فراز شامل ہیں۔

قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ میں نے پی ٹی آئی پولیٹیکل کمیٹی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

عمر ایوب نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ قانونی اور سیاسی مصروفیات کے باعث پولیٹیکل کمیٹی میں کردار ادا کرنا ممکن نہیں، پولیٹیکل کمیٹی کی رکنیت صرف موجودہ عہدیداران تک محدود ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو پولیٹیکل کمیٹی میں شامل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کارکن تھا، ہوں اور رہوں گا۔

اسی طرح پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے بھی سیاسی کمیٹی سے مستعفی ہوتے ہوئے شمولیت سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے استعفی پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو ارسال کردیا، دونوں رہنماؤں نے سیاسی کمیٹی میں موجودہ آفس ہولڈرز شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں 2 اراکین کا اضافہ

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی میں 2 نئے ارکان کو شامل کر کے کمیٹی کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما زلفی بخاری اور انتظار پنجوتھہ کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

پچھلے مہینے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی کمیٹی کی ازسرِ نو تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں 23 اہم رہنماؤں کو شامل کیا گیا جبکہ علی امین گنڈاپور، مراد سعید، شہباز گل اور علی محمد خان کو کمیٹی سے آؤٹ کردیا گیا تھا۔

سیاسی کمیٹی میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ فردوس شمیم نقوی، شیخ وقاص اکرم، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، علامہ راجہ ناصرعباس کو شامل کیا گیا۔

اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز، معین قریشی، ملک احمد خان بھچر، سجاد برکی، عالیہ حمزہ، جنید اکبر،حلیم عادل شیخ اور داؤد کاکڑ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔