پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ فیصلہ حکومت کرے گی: محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی اور پی سی بی اس معاملے پر حکومتی ہدایات کا پابند ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے نہیں بلکہ حکومت کے تابع ہے، اس لیے ورلڈ کپ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہ حکومتی سطح پر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد اس معاملے پر ان سے مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
پی سی بی چیئرمین نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور کسی ایک ملک کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ دیگر کرکٹ بورڈز کو ڈکٹیٹ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو تمام رکن ممالک کے ساتھ یکساں اور منصفانہ سلوک کرنا چاہیے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جیسے ہی حکومت کی جانب سے فیصلہ سامنے آئے گا، اس کے بعد اگلے مرحلے کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔















