گورنر سندھ کا سانحہ گُل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی کہوں گا کہ کراچی آپ کا منتظر ہے، گورنر سندھ
اپ ڈیٹ 23 جنوری 2026 10:20am

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سانحے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوسناک واقعے کے ایک ہفتے بعد بھی سیاست کی جا رہی ہے، تاہم ملبہ کسی پر ڈالنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی اور ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں سزا دی جانی چاہیے۔

پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں کہ شاید آپ کو درست صورتحال سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ خود پوچھیں کہ مشینری درست طریقے سے کام کیوں نہیں کر رہی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جس شخص کا باپ جاں بحق ہوا، اسی کے بیٹے پر لاٹھی چارج کیوں کیا گیا، جبکہ مائیں انصاف کے لیے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ عوام ٹیکس بھی دیں اور جانیں بھی قربان کریں۔ اگر کوئی اس معاملے پر سیاست کرے گا تو سب کا کچا چٹھا کھول دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور وہ اس پر پردہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی کہیں گے کہ کراچی آپ کا منتظر ہے، فیلڈ مارشل خود دیکھیں کہ یہاں زیادتی کس نے کی ہے۔

karachi

Judicial Inquiry

Governer Sindh

demands

Kamran Tissori

gul plaza incident