ترکیہ نے غزہ میں فوجی تعیناتی پر آمادگی ظاہر کردی
ترکیہ نے غزہ میں امن و استحکام کے لیے اپنی افواج بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہات کہ ترکیہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس میں شمولیت کے لیے تیار ہے۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ غزہ امن معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ترکی ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ غزہ میں پائیدار امن کے قیام کو اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے۔
ہاکان فیدان نے بتایا کہ غزہ کے لیے قائم کیے گئے امن بورڈ میں شمولیت کے بعد ترکیہ اس کی ایگزیکٹو کمیٹی سے متعلق امور پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ زمینی سطح پر امن معاہدے پر عمل درآمد کو ممکن بنایا جا سکے۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کے لیے ترکیہ کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری رہیں گی اور ترکیہ مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر ’بورڈ آف پیس‘ کے مسودے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔ جس میں مختلف ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔














