لاہور میں پالتو شیرنی کا 8 سالہ بچی پر حملہ، مالک گرفتار
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن، بھیکھے وال کچی آبادی میں پالتو شیرنی کے حملے سے آٹھ سالہ بچی زخمی ہو گئی۔
واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس کے مطابق شیرنی کے حملے کے نتیجے میں بچی کے سر، کان اور ٹانگ پر شدید زخم آئے، جسے فوری طور پر شیخ زید اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بلاول اور شجاعت پالتو شیرنی کو رکشے سے اتار رہے تھے کہ اسی دوران شیرنی نے اچانک کمسن بچی پر حملہ کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزمان شیرنی کو لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی شیرنی کے ایک مالک کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ پالتو درندے رکھنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور قانون سے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔














