کراچی والے ہوجائیں تیار! گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

اسکردو، دیوسائی اور کےٹو میں پہلی برف باری، متعدد سڑکیں بند، پرواز منسوخ
اپ ڈیٹ 17 جنوری 2026 09:36am

محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کے لیے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 اور 23 جنوری کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرنا شروع کر دے گا جس کے اثرات آئندہ دنوں میں جنوبی علاقوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اسی نظام کے زیر اثر کراچی میں بھی بارش متوقع ہے جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو اور اس کے گردونواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہو گئی ہے۔ برف باری کے باعث بالائی اور پہاڑی علاقوں کی متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں جس سے آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ دیوسائی، سیاچن اور کےٹو کی وادی میں تقریباً دو فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ شدید سردی کی لہر بھی برقرار ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر 21 جنوری تک پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔

حکام کے مطابق برف باری کے باعث راستے پھسلن کا شکار ہیں اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، اس لیے سیاحوں اور مقامی افراد کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

شدید موسم کے باعث اسلام آباد سے اسکردو آنے والی پی آئی اے کی ایک پرواز بھی منسوخ کر دی گئی جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی پروازوں کی بحالی پر غور کیا جائے گا۔

Met Office

Heavy rain

Karachi Rain

Rain prediction

Rain in Pakistan