2026 کی پہلی وائرل میم ’365 بٹنز‘ کیا ہے؟

ایک مختصر مگر پُراعتماد جواب دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔
شائع 11 جنوری 2026 12:11pm

سوشل میڈیا پر 2026 کی پہلی بڑی وائرل ٹرینڈ کے طور پر سامنے آنے والی ’365 بٹن‘ میم لوگوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ یہ ٹرینڈ دیکھنے میں تو معمولی سا لگتا ہے، لیکن درحقیقت یہ لوگوں کو اپنی زندگی میں حدیں مقرر کرنے اور ہر بات کی وضاحت دینے سے انکار کرنا سکھا رہا ہے۔

زندگی ہمیشہ بڑے فیصلوں سے نہیں بدلتی، کبھی کبھی ایک چھوٹا سا خیال بھی سوچ کا رخ بدل دیتا ہے۔ پیپل ڈاٹ کام کے مطابق یہ دلچسپ خیال دسمبر 2025 کے آخر میں ٹک ٹاک سے ابھرا، جب ایک صارف تمارا نے ایک ویڈیو پر تبصرہ کیا۔


ویڈیو میں ٹک ٹاکر ایبی کیلر بستر پر لیٹی نظر آ رہی تھیں اور اسکرین پر یہ پیغام تھا کہ وہ نئے سال کے منصوبوں کو کس قدر سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔

تمارا نے تبصرے میں لکھا کہ وہ سال کے ہر دن کے لیے ایک بٹن خریدنا چاہتی ہیں، یعنی کل 365 بٹن۔ مقصد یہ نہیں تھا کہ ان بٹنوں سے کوئی خاص کام لیا جائے، بلکہ صرف یہ یاد رکھنا تھا کہ ہر دن قیمتی ہے اور ہر فیصلے پر صفائی دینا ضروری نہیں۔

جب دیگر صارفین نے پوچھا کہ ان بٹنوں کا کیا فائدہ ہوگا یا انہیں کہاں رکھا جائے گا تو تمارا کا جواب سادہ مگر چونکا دینے والا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خود بھی نہیں معلوم اور جاننا بھی ضروری نہیں، وہ بس ہر دن ایک بٹن اپنے ساتھ رکھنا چاہتی ہیں۔

یہی اور ہزاروں لوگ اس سوچ سے خود کو جڑا ہوا محسوس کرنے لگے۔لوگوں کو یہ خیال اس لیے بھی پسند آیا کیونکہ اس میں کسی کو خوش کرنے یا وضاحت دینے کا دباؤ نہیں تھا۔ بہت سے صارفین نے کہا کہ یہ ٹرینڈ انہیں یہ سکھاتا ہے کہ اپنی ذاتی ترجیحات رکھنا بالکل درست ہے اور ہر فیصلے پر جواب دہ ہونا ضروری نہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ’365 بٹن‘ دراصل اس احساس کی نمائندگی کرتا ہے جو اکثر لوگ محسوس کرتے ہیں مگر کہہ نہیں پاتے۔ یعنی اپنی ذات، اپنے وقت اور اپنے فیصلوں کو بغیر کسی دباؤ کے اپنانا۔ کچھ لوگ بٹن کو جیب میں رکھتے ہیں، کچھ میز پر، اور کچھ کے لیے یہ صرف ایک علامت ہے کہ آج کا دن صرف ان کا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق یہ ٹرینڈ ہلکا پھلکا ہونے کے ساتھ ساتھ زندگی میں توازن اور ذاتی وقت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

’365 بٹن‘ اس بات کی مثال ہے کہ کبھی کبھی ایک چھوٹا سا خیال بھی بڑے مکالمے کو جنم دے سکتا ہے، اور لوگوں کو یہ یاد دلا سکتا ہے کہ اپنی حدود طے کرنا بھی خود اعتمادی کی ایک شکل ہے۔

TikTok

trend

"365 Buttons"

2026 Meme

first big viral meme of 2026