چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت 2 ججز کے خلاف شکایت دائر

جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس ابہر گل خان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کی گئی
شائع 09 جنوری 2026 04:49pm

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت 2 ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک شکایت سامنے آئی ہے، جس میں دونوں ججز کی تعلیمی قابلیت، اہلیت اور انتظامی امور میں کردار پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس ابہر گل خان بطور جج اپنے عہدوں پر فائز رہنے کے اہل نہیں، لہٰذا سپریم جوڈیشل کونسل دونوں ججز کی تعلیمی اسناد اور مجموعی اہلیت کا تفصیلی جائزہ لے۔

شکایت کنند گان کے مطابق جسٹس ابہر گل خان کی تعلیمی ڈگری درست نہیں، اس لیے ان کا مکمل تعلیمی ریکارڈ طلب کر کے جانچ پڑتال کی جائے، خصوصاً بطور مستقل جج کنفرم کیے جانے سے قبل ان کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائے۔

شکایت میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ لاہور میں خواتین ڈسٹرکٹ ججز کو دانستہ طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اور انہیں دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے، جس سے ان کی ذاتی اور خاندانی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

اس ضمن میں چیف جسٹس عالیہ نیلم پر ضلعی عدالتوں کے معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کے کردار کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے۔ یہ شکایت متاثرہ خواتین ججز اور دیگر جوڈیشل افسران کے والدین کی جانب سے دائر کی گئی ہے تاہم انہوں نے تحفظ کے خدشات کے باعث فی الحال اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

شکایت میں سپریم جوڈیشل کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جسٹس ابہر گل کے بطور مستقل جج کنفرم ہونے سے پہلے ڈگریاں چیک کی جائیں، اگر الزامات درست ثابت ہوں تو چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس ابہر گل خان کو ان کے عہدوں سے برخاست کیا جائے تاکہ عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

Lahore High Court

supreme judicial council

chief justice aalia neelum