بگ بیش لیگ میں بابر اعظم پھر ناکام، آسٹریلوی کھلاڑی نے مذاق اڑا دیا

سڈنی سکسز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی بلے باز 17 گیندوں پر صرف 14 رنز بنا سکے
شائع 08 جنوری 2026 07:58pm

بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی مشکلات برقرار رہیں، جہاں وہ سڈنی سکسز اور میلبرن اسٹارز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ایک بار پھر نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ بابر اعظم کو آسٹریلوی آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے آؤٹ کیا، جس کے بعد اسٹوئنس کی جانب سے سخت ردِعمل بھی سامنے آیا۔

جمعرات کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ کے میچ میں سڈنی سکسز کی ٹیم 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری، جہاں ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا اور کپتان موئس ہینرکس تیسرے اوور میں جلد آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر بابر اعظم اور جوش فلپ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں کے درمیان 28 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم ساتویں اوور میں مارکس اسٹوئنس نے اوور دی وکٹ گیند کراتے ہوئے اچھی لینتھ پر گیند پھینکی جو اندر کی جانب آئی اور بابر اعظم ایل بی ڈبلیو ہوگئے تاہم امپائر نے اپیل پر انہیں آؤٹ دے دیا۔

آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم ڈی آر ایس کے حوالے سے مشاورت کر رہے تھے کہ اسی دوران مارکس اسٹوئنس نے انہیں زبانی طور پر جارحانہ انداز میں سینڈ آف دیا تاہم بابر اعظم نے کسی ردِعمل کا اظہار نہیں کیا۔

جب بابر اعظم امپائر کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے واپس پویلین کی جانب جانے لگے تو مارکس اسٹوئنس نے مسکراتے ہوئے ان کی طرف دیکھا اور چند الفاظ بھی ادا کیے اور ان کا مذاق اڑایا۔

میچ میں بابر اعظم 17 گیندوں پر 14 رنز بنا سکے۔ یہ رواں بی بی ایل میں ان کی 7 اننگز میں پانچویں ناکامی ہے۔ بابر اعظم سڈنی سکسز کی جانب سے بطور نمایاں غیر ملکی کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں تاہم وہ اب تک توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔

بی بی ایل کے موجودہ سیزن میں بابر اعظم اب تک 145 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی اوسط 24.17 جب کہ اسٹرائیک ریٹ 108.21 رہا ہے۔

یاد رہے کہ سڈنی سکسرز نے میلبرن اسٹارز کی جانب سے دیا جانے والا 129 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا جب کہ جیول ڈیوس کو 2 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسری جانب، بابر اعظم کے بارے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان کے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔

babar azam

Big Bash League

Baber Azam

sydney sixers

bbl

marcus stoinis

bbl 2025

melbourne stars