پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائز ’حیدرآباد‘ 175، ’سیالکوٹ‘ 185 کروڑ روپے میں نیلام

پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی، گیارہویں ایڈیشن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی انٹری
اپ ڈیٹ 08 جنوری 2026 08:34pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ شامل ہوگئیں، نیلامی میں بھرپور مقابلے کے بعد ایف کے ایس گروپ نے حیدرآباد ٹیم کو 175 کروڑ روپے جب کہ او زیڈ ڈیولپرز نے سیالکوٹ ٹیم کو 185 کروڑ روپے میں خرید لیا ہے۔

جمعرات کو پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی، وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، طارق فضل چوہدری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

نئی ٹیموں کی نیلامی کے آغاز پر ہی ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین بڈنگ سے دستبردار گئے جس کے بعد 9 پارٹیاں شریک ہوئیں۔

تقریب کے آغاز میں نیلامی میں حصہ لینے والے 10 بڈرز اور 6 ممکنہ شہروں کا تعارف کرایا گیا، اس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گھنٹی بجا کر نیلامی کھلنے کا باضابطہ اعلان کیا جب کہ وسیم اکرم نے آکشنر کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

ساتویں ٹیم کی نیلامی

پاکستان سپر لیگ کی ساتویں کی نیلامی 110 کروڑ روپے سے شروع ہوئی، نیلامی کے عمل کے دوران ایف کے ایس اور آئی ٹو سی گروپس کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

ایف کے ایس گروپ کے مالک فواد سرور نے پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کے لیے حیدرآباد کے نام کا انتخاب کرلیا۔ اس موقع پر فواد سرور کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں پلا بڑھا، ہم ٹیم خرید کر ہی جانا چاہتے تھے۔

آٹھویں ٹیم کی نیلامی

نیلامی کے دوسرے اور آخری مرحلے میں پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کی نیلامی 170 کروڑ روپے سے شروع ہوئی، جس کے لیے خوب مقابلہ ہوا۔

او زیڈ ڈیولپرز نے آٹھویں ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 185 کروڑ روپے کی بولی لگا کر لیگ کی مہنگی ترین ٹیم خرید لی اور ٹیم کے لیے سیالکوٹ شہر کا نام  منتخب کیا۔

پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں  ٹیم مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔ بڈنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت سے اب مجموعی ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا، جس میں اب پہلی مرتبہ 8 ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی، جن میں کراچی کنگز، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطانز، حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ دونوں نئی ٹیموں کو مالکانہ حقوق 10 سال کے لیے دیے گئے ہیں جب کہ بولی جیتنے والے دونوں گروپس پاکستانی ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب کے اختتام پر نیلامی جیتنے والے بڈرز کو مبارکباد پیش کی اور پی ایس ایل کی کامیابی پر لیگ اور پی سی بی کے ممبران کی کاؤشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل نیلامی کی تقریب میں پاکستان شاہین اور ہانک کانگ سکسز کی ٹیمیں بھی شامل ہوئیں جنہیں حالیہ ٹورنمنٹس میں کامیابیوں پر انعامات سے نوازا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی۔ اس کے علاوہ ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے انعام سے نواز گیا۔

نٸی ٹیموں کی نیلامی کامیابی سے مکمل ہوٸی، محسن نقوی

چیٸرمین پی سی بی محسن نقوی نے امریکی سفیر اور کامیاب بڈرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نٸی ٹیموں کی نیلامی کامیابی سے مکمل ہوٸی، پی سی بی کو دس سالوں میں 36ارب کی آمدن ہوگی، چار سے پانچ امریکی کمپنیوں نے بڈ میں حصہ لیا، فواد سرور پاکستانی ہیں لیکن 20 سالوں سے امریکا میں رہ رہے ہیں، حمزہ مجید بھی اوورسیز پاکستانی ہے، ان لوگوں کی یہ پاکستان سے محبت کا اظہار ہے۔

قاٸم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ کامیاب ہونے والی کمپنیوں کو مبارکباد دیتی ہوں، امریکا پاکستان میں کرکٹ برنس پر کافی دلچسپی لے رہا ہے، امریکی نزنس مین نے پی ایس ایل کی ٹیم خریدی ہے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہورہے ہیں، امریکا اور پاکستان قیادت کے درمیان قریبی روابط ہیں۔

حیدرآباد کے مالک فواد سرور نے کہا کہ ایک بچے کا خواب حقیقت بن گیا ہے، کرکٹ سے ہمیں محبت ہے، کرکٹ کی ترقی اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

سیالکوٹ کے مالک حمزہ مجید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں ہے، اوورسیز پاکستانی پاکستان کیساتھ کھڑے، ایئرپورٹ اور ایئرلاٸن کے بعد کرکٹ ٹیم بھی آگٸی ہے، پی ایس ایل کا گیارہویں ایڈیشن جیتنے کا ٹارگٹ ہے۔

PSL

Pakistan Super League

psl 11

psl auction

PSL New Teams

psl bidding