رجب بٹ کے وکیل اور کراچی بار کے وکلا کے درمیان صلح ہوگئی
یوٹیوبر رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق اور کراچی بار کے وکلا کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔ جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف درج مقدمات اور درخواستیں واپس لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوٹیوبر رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ کراچی بار کے صدر کی ہدایت پر دونوں فریقین ساتھ بیٹھے اور ایک دوسرے کے خلاف درج ایف آئی آرز اور درخواستیں واپس لی جارہی ہیں۔
کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ کا کہنا تھا کہ کراچی بار قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور یہاں ہر قوم، مذہب اورفرقے کی عزت کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا وکلا وکالت کریں اور خود پارٹی بننے سے گریز کیا جائے۔
صدر کراچی بار کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے کراچی بار کی ساکھ متاثر ہوئی۔ واقعے کے ذریعے عوام میں کراچی بار کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، اس معاملے پر ہماری طرف سے کوئی دباؤ نہیں تھا اور ہم تشدد کو کبھی سپورٹ نہیں کرینگے۔
کراچی بار کے وکلا اور رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق کے درمیان یہ کشیدہ اس وقت پیدا ہوئی تھی جب رجب بٹ کو سٹی کورٹ میں پیشی کے موقع پر وکلا کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ وکلا نے رجب بٹ پر ویڈیو میں وکلا برادری پر تنقید کا الزام عائد کیا تھا۔
جس کے بعد کراچی بار کی درخواست پر پنجاب بار کونسل نے میاں علی اشفاق کا لائسنس معطل کردیا تھا جسے منگل کے روز بحال کردیا گیا تھا ۔ تاہم اب فریقین نے مقدمات سے دستبرداری اور درخواستیں واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کر رکھی ہے۔















