علی ترین کی پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی میں شرکت سے معذرت

خاندان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ آج پی ایس ایل فرنچائز نیلامی میں حصہ نہیں لوں گا، سابق مالک ملتان سلطانز
شائع 08 جنوری 2026 04:42pm

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ آج پی ایس ایل فرنچائز نیلامی میں حصہ نہیں لوں گا۔

پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی آج اسلام آباد میں ہوگی جب کہ نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگا، جس میں 2 کامیاب پارٹیاں راولپنڈی، حیدر آباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے ٹیموں کے نام منتخب کر سکیں گے۔

تاہم نیلامی سے کچھ وقت پہلے علی ترین نے پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔

علی ترین نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے انتہائی سوچ بچار اور اہلِ خانہ سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ آج ہونے والی پی ایس ایل فرنچائز نیلامی میں حصہ نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے ساتھ ہمارا وقت صرف ایک کرکٹ ٹیم کی ملکیت تک محدود نہیں تھا بلکہ ہمارا یہ سفر جنوبی پنجاب کے بارے میں تھا، ایک ایسے خطے کو آواز دی جو طویل عرصے تک نظرانداز ہوتا رہا۔

علی ترین نے مزید کہا کہ اگر میں دوبارہ پی ایس ایل میں آیا تو اسی مقصد کے تحت آؤں گا، جنوبی پنجاب میرے دل کے قریب ہے، یہی میرا گھر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال میں اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے لیے تالیاں بجاتے ہوئے اور شائقین کے ساتھ خوشیاں مناتے ہوئے موجود ہوں گا اور جب ملتان کی ٹیم فروخت کے لیے آئے گی، ہم تیار ہوں گے۔

علی ترین نے پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بولی میں حصہ لینے والے تمام افراد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے سب سے زیادہ جرأت مند اور بے باک مالک کامیاب ہو۔

PSL

Pakistan Super League

psl 11

psl auction

PSL New Teams

psl bidding