علی امین گنڈاپور اشتہاری قرار، عدالت نے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں تحریری فیصلہ، ضمانتی مچلکے بھی منسوخ
شائع 08 جنوری 2026 09:33am

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اسے فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی جانب سے جاری کیا گیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف دفعہ 87 کے تحت اشتہار چسپاں کر دیا گیا ہے اور پولیس نے اشتہاری کارروائی کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ صورتحال کے پیش نظر معلوم ہوتا ہے کہ ملزم روپوش ہو چکا ہے، اس لیے عدالت ملزم کو اشتہاری قرار دیتی ہے۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ضمانتی مچلکے منسوخ کرتے ہوئے ملزم کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور اسے اشتہاریوں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم کے ضمانتی کے خلاف کارروائی شروع کی جائے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے۔

Ali Amin Gandapur

Arrest Warrant

court ruling