راولپنـڈی سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں جاگری، 5 جاں بحق

حادثہ ڈھوک پٹھان کے قریب پیش آیا، 27 زخمی، کئی حالت تشویشناک
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 11:48am

راولپنڈی سے کراچی جانے والی ایک مسافر بس تلہ گنگ کے علاقے ڈھوک پٹھان کے قریب کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے۔

بدھ کو پیش آئے حادثے کے فوری بعد مقامی لوگ، ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی گورنمنٹ سٹی اسپتال تلہ گنگ منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ مسافر بس راولپنڈی سے ملتان جا رہی تھی۔ شدید دھند کے باعث موٹروے اور سی پیک بند تھے، جس کی وجہ سے بس نے جی ٹی روڈ کے ذریعے متبادل راستہ اختیار کیا۔ تاہم، ڈرائیور پہاڑی اور خطرناک راستوں سے ناواقف تھا، جس کے باعث بس ڈھوک پٹھان کے قریب گہری کھائی میں جاگری۔

حادثے کے بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر بس کے اندر پھنسے مسافروں کو نکال کر اسپتال پہنچانے میں مدد کی۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ حادثے کی اصل وجوہات کیا تھیں اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

rawalpindi

bus accident

5 people died