بھارت میں میچز کھیلنے کے لیے آئی سی سی کا کوئی دباؤ نہیں: بنگلا دیش کرکٹ بورڈ

بھارتی میڈیا کے برعکس بنگلا دیش کرکٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ایسا کوئی الٹی میٹم نہیں دیا گیا۔
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 12:16pm

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارتی میڈیا کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بنگلا دیش پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلنے کا کوئی دباؤ یا الٹی میٹم نہیں آیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اس حوالے سے زیر گردش رپورٹ غلط ہے اور آئی سی سی کی جانب سے کسی بھی قسم کی ایسی ہدایت موصول نہیں ہوئی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

بھاررتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ بنگلا دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر یہ درخواست دی تھی، تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کو طے شدہ شیڈول کے مطابق بھارت میں میچز کھیلنے کا کہا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت نہ جانے کی صورت میں پوائنٹس ضائع ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔

بنگلا دیش نے قبل ازیں سیکیورٹی خدشات کے باعث خاص طور پر مستفیض الرحمان کے معاملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا عندیہ دیا تھا۔

آئی سی سی کو اس حوالے سے دو دن قبل مطلع بھی کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے بی سی بی کے صدر امین اللہ اسلام ”بلبل“ نے کہا کہ آئی سی سی نے صرف یہ پوچھا کہ بنگلا دیش بھارت کیوں نہیں جا رہا، جس پر بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔

ان کے مطابق، آئی سی سی نے اس معاملے پر مزید وضاحت طلب کی ہے تاکہ اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جا سکے۔

اس سے ایک روز قبل بی سی بی کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے بھی دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ان کی ٹیم کسی بھی صورت بھارت نہیں جائے گی، جس کے بعد اس معاملے نے مزید توجہ حاصل کی۔

اس دوران بھارتی آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی۔

بعدازاں، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ ٹیم بھارت نہیں جائے گی اور یہ معاملہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مکمل طور پر بورڈ کے اختیار میں ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بھارت نہ جانے کی صورت میں پوائنٹس ضائع ہونے کا کوئی باضابطہ الٹی میٹم نہیں دیا گیا اور معاملے پر بات چیت جاری ہے۔

india

ICC

Bangladesh

ICC T20 World Cup

T20 world cup 2026

bangladesh cricket team

Bangladesh Matches