اتنے جہازوں کے آرڈرز ہیں کہ 6 ماہ بعد آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں، خواجہ آصف

بھارت سے لڑائی میں ہماری افواج کا لوہا دنیا مان رہی ہے، اس جنگ سے ہمارے طیارے ٹیسٹ ہوگئے، وزیر دفاع
اپ ڈیٹ 06 جنوری 2026 11:28pm

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد اتنے جہازوں کے آرڈرز مل رہے ہیں کہ ہوسکتا ہے 6 ماہ بعد آئی ایم ایف کی ضرورت نہ پڑے، بھارت سے لڑائی میں ہماری افواج کا لوہا دنیا مان رہی ہے، اس جنگ سے ہمارے طیارے ٹیسٹ ہوگئے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے اگر دوبارہ حملہ کیا تو ہم جنگ کے لیے تیار ہیں اور مئی 2025 میں ہم نے یہ ثابت بھی کر کے دکھا دیا۔ اللہ کا فضل ہوا کہ بھارت کے ساتھ لڑائی ہوئی اور ہماری افواج کا لوہا دنیا مان رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں ہمارے جہاز ٹیسٹ ہوگئے اور ہمیں اتنے آرڈرز مل رہے ہیں کہ ہوسکتا ہے 6 ماہ بعد ہمیں آئی ایم کی ضرورت نہ پڑے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کا جواب پوری دنیا نے دیکھا، مودی کو پھینٹی لگی ہے جس کے بعد اس کی اپنے ملک اور بیرون ممالک میں کوئی عزت نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران بھارت نے امریکا کو اپروچ کیا جب کہ چین سے بھی رابطہ کیا گیا، اگر بھارت نے اب بھی کوئی ایڈونچر کیا تو ویسے ہی جواب دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ نیتن یاہو انسانیت کا بدترین مجرم ہے، سب سے مطلوب مجرم ہے، اگر امریکا انسانیت کا دوست ہے تو وہ نیتن یاہو کو اغوا کرے اور اپنے ملک میں لے جا کر مقدمہ چلائے۔

ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ دعا کریں نتین یاہو کو ترکیہ اغوا کر کے انقرہ لے جائے اور سارا حساب برابر کرلے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ جو ہوا کسی قوم نے کسی کے ساتھ نہیں کیا، نیتن یاہو کی پشت پناہی کرنے والے بھی ’ابیٹر‘ ہیں۔

اپوزیشن سے مذاکرات بیان بازی اور افواہیں قرار

اس سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپوزیشن سے مذاکرات کو بیان بازی اور افواہیں قرار دے دیا۔

صحافی کے سوال پر کہ مذاکرات کے حوالے سے کیا اپ ڈیٹ ہیں تو خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں مذاکرات میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی، مذاکرات پر ہوسکتا ہے میرا علم ناقص ہو، مذاکرات سے متعلق ابھی افواہیں ہی ہیں۔

Khawaja Asif

Khuwaja Asif

IMF

pakistan india war

pakistan india clash