رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی والوں سے اپنے اعمال پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والوں سے اپنے اعمال کی معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر ’’اوئے‘‘ کلچرمتعارف کیا، ان کے دور حکومت میں مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے جب کہ میرے خلاف بھی جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تھا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مخالفین پر مقدمات بنانا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا نہیں معاملات کو بیٹھ کر حل کیا جاتا ہے لیکن پی ٹی آئی والے معاملات بیٹھ کر حل کرنا نہیں چاہتے، انہوں نے نفرت اور جھوٹے مقدمات کا بیج بویا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف ایسا مقدمہ بنایا گیا جس کی سزا سزائے موت تھی 6 ماہ جیل میں رہا۔
وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ افغانستان اور بھارت کی زبان بولنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں کہا کہ آئیں بیٹھیں اور بات کریں، معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں ڈیفالٹ کے دہانے سے نکل چکے ہیں، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف ابھی سے کوشش کر رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں نہیں پہنچا تو اللہ نے مجھے اس سے بھی بڑی جگہ سینیٹ میں پہنچا دیا، ڈکیتوں اور مجرموں کے لیے ریاست کے پاس نرمی اور رعایت نہیں ہونی چاہیے، ملک دشمن عناصر سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، ٹیکسٹائل اور کاروبار بند ہونے کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کررہے ہیں، مسلم لیگ ن ترقیاتی مںصوبوں پرکام کررہی ہے، عوام کی خدمت کرنا ہمارا فرض ہے، فیصل آباد میں سڑکیں اور گیس کے منصوبے مکمل ہوئے ہیں، شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں کی ترقی بھی ترجیح ہے، دیہاتوں میں گیس کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، ملک میں سوئی گیس ختم ہوتی جارہی ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قطر کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، گیس قطر سے آئے گی وہ فراہم کی جائے گی، قطر سے آنے والی گیس کا بل سوئی گیس سے تھوڑا زیادہ ہوگا، قطر سے آنے والی گیس سیلنڈر میں استعمال ہونے والی گیس سے 30 فیصد سستی ہوگی، آرایل این جی سوئی گیس سے مہنگی ہے، بل زیادہ آئیں گے، آر ایل این جی مہنگی ہے لیکن آپ جو سیلنڈر استعمال کرتے ہیں اس سے سستی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے حلقے میں 20 سے 22 گاؤں ہیں جہاں پر گیس نہیں ہے، 29 کلو میٹر کی سڑک منظور کرائی ہے، جس سے آمدورفت آسان ہوگی، ایک ارب روپے کی مالیت کی سڑک کا کام جلد شروع ہوجائے گا، کوشش ہے کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر صجت کی سہولیات ملیں، عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، ہار اور جیت بھی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر میں قومی اسمبلی میں نہیں پہنچا تو اللہ نے اس سے بڑے ہاؤس سینیٹ میں پہنچا دیا، خدمت کا سفر ہماری پارٹی کا منشور ہے، نواز شریف نے ملک میں خدمت کی سیاست کا رواج ڈالا، ملک کے ہر بڑے منصوبے پر آپ کو نواز شریف کا نام ملے گا۔












