چارسدہ: کچے کمرے کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق
چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں کچے کمرے کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ایک مکان میں پیش آیا جہاں کمرے کی چھت اچانک بیٹھ گئی اور افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور تمام لاشوں کو ملبے سے نکال لیا۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں، جن کی عمریں7 سے 15 برس کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ گھر فضل داد مرحوم کا تھا اور اسی روز گھر میں شادی کی تقریب ہونا تھی، تاہم افسوسناک حادثے کے بعد خوشی کا گھر ماتم کدہ بن گیا۔
پولیس اور ریسکیو اداروں نے واقعے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں، جبکہ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔













