کراچی: مبینہ پولیس مقابلے کی زد میں آ کر 17 سالہ طالبہ جاں بحق
کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کی زد میں آ کر گیارہویں جماعت کی طالبہ کومل جاں بحق ہوگئی۔ مبینہ پولیس مقابلہ لانڈھی نمبر چھ کے قریب پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی 17 سالہ طالبہ کی شناخت کومل کے نام سے ہوئی، مقتولہ کومل فرسٹ ایئر کی طالبہ اور دو بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔
اہلِ خانہ کے مطابق کومل نانی کے گھر سے اپنے گھر جا رہی تھی، رکشے میں والدہ، کومل اورایک بھائی موجود تھا، اسی دوران گولی آ کر شیشے کو توڑتی ہوئی کومل کو لگی، وہاں موجود پولیس والوں نے بتایا کہ پولیس مقابلہ ہو رہا تھا۔
ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے تصدیق کی کہ معاملہ پولیس اور ڈاکؤوں کے درمیان فائرنگ کا تھا، دو ڈاکؤوں نے بینک سے نکلنے والے شہری سے 3 لاکھ اور موبائل فون چھینے، ڈاکو واردات کرکے فرار ہورہے تھے، دوسری سڑک پر تھانے کی پولیس موبائل آتی دیکھی تو ڈاکؤوں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند گولیاں چلا دیں۔
ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، ایک ڈاکو زخمی ہوکر گرا جسے گرفتارکرلیا گیا۔ دوسرا ڈاکو فرار ہوتے پولیس پر فائرنگ کرتا رہا، رکشا سوار لڑکی کو پولیس کی گولی لگی یا ڈاکو کی، تحقیقات کے لئے ڈی ایس پی کی سربراہی میں ٹیم بنا دی ہے۔ جاں بحق لڑکی کو انصاف ملے گا۔
پولیس حکام نے واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے ایس ڈی پی او لانڈھی فائزہ سوڈھر کمیٹی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی، ایس ایچ او لانڈھی اور ایس آئی او عوامی کالونی بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کو جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اندھی گولی کا شکار کومل کے والد لئیق کا کہنا ہے کہ میری بیٹی اپنی نانا، نانی سے مل کر گھر جا رہی تھی، میرے بیٹے نے بتایا کہ وہاں پولیس مقابلہ ہورہا تھا رکشہ والے کے بھی شیشے ٹوٹے، اللہ بہتر جانتا ہے کس کی گولی لگی، کس سے مطالبہ کریں کون انصاف دے گا۔
















