ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں اضافہ، یکم جنوری سے نئی قیمتیں مقرر

اوگرا نے ایل پی جی قیمتوں سے متعلق نیا ایس آر او جاری کر دیا
شائع 31 دسمبر 2025 06:50pm

ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے 68 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔ اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن پاکستان گزٹ میں شائع کرنے کی منظوری دے دی۔

اوگرا کے مطابق دیسی اور درآمدی ایل پی جی کی زیادہ سے زیادہ قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں۔ ایل پی جی پروڈیوسر قیمت 146,498 روپے فی میٹرک ٹن مقرر کی گئی ہے جبکہ 11.8 کلوگرام سلنڈر کی پروڈیوسر قیمت 1,728 روپے طے کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی شامل کرنے کے بعد قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں کا تعین اوگرا آرڈیننس 2002 اور ایل پی جی (پیداوار و تقسیم) رولز 2001 کے تحت کیا گیا ہے۔

اوگرا کا کہنا ہے کہ سپلائی چین کی تمام سطحوں پر زیادہ سے زیادہ قیمت لاگو ہو گی اور صارفین سے مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ یکم جنوری 2026 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 8 روپے 59 پیسے، مٹی کے تیل میں 8 روپے 92 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

قیمتوں میں تبدیلی کے بعد پیٹرول کی قیمت 263.45 روپے سے کم ہو کر 252.85 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے اور ڈیزل کی قیمت 265.65 روپے سے گھٹ کر 257.06 روپے فی لیٹر پر آسکتی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اسی طرح کی کمی متوقع ہے۔

OGRA

LPG

Petroleum products

Inflation

gas prices

Petrol Prices Pakistan

LPG Price Hike