پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز کی نئی انتظامیہ کون سے نام زیرِ غور ہیں؟
پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن سے قبل ملتان سلطانز کے مستقبل کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان سلطانز کی ٹیم مینجمنٹ کے لیے سابق قومی کرکٹرز کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے دوران ملتان سلطانز کے تمام معاملات پی سی بی مینجمنٹ دیکھے گی، جبکہ ایونٹ کے بعد ٹیم کے نئے مالک کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطان کے سابق مالک علی ترین نے پی ایس ایل رینیول لیٹر موصول نہ ہونے پر ٹیم کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ جس کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل الیون کے لیے ملتان سلطان کی اونر شپ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ملتان سلطانز کے کوچنگ اور انتظامی سیٹ اپ کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت جاری ہے جس میں کوچنگ سیٹ اَپ کے لیے سابق کرکٹرز عبدالرزاق، مشتاق احمد اور توفیق عمر کے نام زیرِ غور ہیں۔
سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ہیڈ کوچ جبکہ مشتاق احمد کو اَسسٹنٹ کوچ کی پیشکش کی جاسکتی ہے۔ توفیق عمر کو بیٹنگ کوچ بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
مشتاق احمد اس سے قبل بھی ملتان سلطانز کے ساتھ بطور اسپن کنسلٹنٹ کام کرچکے ہیں۔
اسی طرح عبدالرزاق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاور ہٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، جبکہ توفیق عمر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انتظامی امور کے لیے سابق کرکٹر اور چیئرمین پی سی بی رہنے والے رمیز راجا کا نام بھی سامنے آیا ہے تاہم ملتان سلطانز کی حتمی مینجمنٹ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی منظوری سے فائنل کی جائے گی۔
پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن آئندہ سال مارچ میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

















