2025 میں واپڈا نے نیشنل گرڈ کو کتنے ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کی؟
سال 2025 میں پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں حاصل اہداف بارے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، جس کے تحت 2025 میں واپڈا نے نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 33 ارب 12 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کی، پن بجلی کی لاگت صرف 3 روپے 83 پیسے فی یونٹ ہے، جو پورے پاور سیکٹر کو سبسیڈائز کرتی ہے جب کہ واپڈا نے 2025 میں پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں زیر تعمیر منصوبوں پر بھی اہم اہداف حاصل کیے۔
رواں سال پاکستان میں پن بجلی اور پانی کے شعبوں کے لیے تسلی بخش سال رہا۔ 2025 کے دوران واپڈا نے نیشنل گرڈ کو تسلسل کے ساتھ ماحول دوست اور سستی پن بجلی کی بڑی مقدار فراہم کی اور متنوع اور پیچیدہ مسائل کے باوجود اپنے زیر تعمیر منصوبوں پر کئی اہم اہداف بھی حاصل کیے۔
سال 2025 میں واپڈا کے 22 پن بجلی گھروں نے نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 33 ارب 12 کروڑ یونٹ پن بجلی مہیا کی، جو قومی نظام میں بجلی کی مجموعی پیداوار کا تقریبا 30 فیصد ہے۔
واپڈا پن بجلی کا ٹیرف صرف 3 روپے 83 پیسے فی یونٹ ہے اور یہ سستی پن بجلی پاکستان کے پورے پاور سیکٹر کو سبسیڈائز کرتی ہے، اگر واپڈا کی جانب سے نیشنل گرڈ کو فراہم کی جانے والی پن بجلی کا موازنہ پاور سیکٹر کے اوسط ٹیرف سے کیا جائے، تو یہ بات بالکل واضح ہے کہ واپڈا پن بجلی نیشنل گرڈ میں توانائی کا سستا ترین ذریعہ ہے۔
علاوہ ازیں پن بجلی کی پیداوار کے دوران زہریلی اور مضر صحت گیسوں کا اخراج زیرو ہوتا ہے، چنانچہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پس منظر میں پن بجلی کی اہمیت اور بھی زیادہ ہو جاتی ہے۔
سال 2025 میں واپڈا پن بجلی کے اعداد و شمار کے مطابق تربیلا پن بجلی گھر نے نیشنل گرڈ کو 14 ارب 30 کروڑ یونٹ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے نے 5 ارب 60 کروڑ یونٹ، غازی بروتھا نے 6 ارب 50 کروڑ یونٹ، منگلا نے 3 ارب 60 کروڑ یونٹ، وارسک نے 77 کروڑ یونٹ اور چشمہ پن بجلی گھر نے 79 کروڑ یونٹ پن بجلی فراہم کی جب کہ 3 خواڑ پراجیکٹ، جناح پن بجلی گھر اور واپڈا کے دیگر چھوٹے پن بجلی گھروں نے مجموعی طور پر ایک ارب 56 کروڑ یونٹ بجلی مہیا کی۔

















