ایپسٹین سے تعلقات ڈیموکریٹس کے تھے ری پبلکن کے نہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلق رکھنے والے تمام ڈیموکریٹس ارکان کے نام فوری طور پر پبلک کریں۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ جیفری ایپسٹین سے تعلقات صرف ڈیموکریٹس کے تھے، ریپبلکنز کے نہیں تھے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں لکھا کہ ڈیموکریٹس ہی وہ لوگ ہیں جو ایپسٹین کے ساتھ کام کرتے تھے، ریپبلکنز نہیں۔ ان کے تمام نام جاری کریں، ان کو شرمندہ کریں اور ملک کی خدمت کی طرف واپس جائیں۔
صدر نے محکمہ انصاف کے حالیہ اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایپسٹین سے متعلق ایک لاکھ سے زائد اضافی صفحات کی دستاویزات دریافت کی گئی ہیں۔

ٹرمپ نے اس پر کہا کہ امریکی محکمہ انصاف کو ڈیموکریٹس سے متاثر ہونے والی اس دھوکہ دہی پر سارا وقت ضائع کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوال کیا، ”کب وہ کہیں گے بس، اور انتخابی دھوکہ دہی وغیرہ پر کام کریں گے؟ ڈیموکریٹس ہی وہ لوگ ہیں جو ایپسٹین کے ساتھ کام کرتے تھے، ریپبلکنز نہیں۔“
ٹرمپ نے طویل عرصے سے جاری ایپسٹین کی تحقیقات کو وِچ ہن قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انتہا پسند چاہتے ہیں کہ ٹرمپ اور ریپبلکن کی کامیابیوں پر بات نہ ہو۔
محکمہ انصاف نے بدھ کے روز کہا تھا کہ اس نے ایپسٹین سے متعلق ممکنہ طور پر ایک لاکھ سے زائد اضافی دستاویزات موصول کی ہیں۔ محکمہ کا کہنا تھا کہ اس عمل میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں، اور وکلاء دستاویزات کا مسلسل جائزہ لے کر متاثرہ افراد کے تحفظ کے لیے قانونی ترامیم کر رہے ہیں۔
محکمہ انصاف کا مزید کہنا تھا کہ جائزے کے بعد یہ دستاویزات جلد از جلد جاری کی جائیں گی تاکہ ایپسٹین فائلز ٹرانسپیرنسی ایکٹ کے تحت اور موجودہ وفاقی قوانین و عدالت کے احکامات کی پاسداری ہو سکے۔ یہ ایکٹ 19 نومبر کو قانون بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین 2019 میں نیویارک سٹی کی جیل میں مردہ پائے گئے تھے جس وقت وہ جنسی ٹریفکنگ کے الزامات کے تحت مقدمے کی سماعت کا انتظار کر رہے تھے۔
ان کے متاثرین کا کہنا ہے کہ ایپسٹین نے ایک وسیع جنسی ٹریفکنگ نیٹ ورک چلایا، جسے امیر اور سیاسی اشرافیہ کے افراد نے استعمال کیا۔















