سندھ پولیس کی بڑی کارروائیاں، کار لفٹر ہلاک، کرسمس پر ڈکیتی کا ملزم گرفتار

ہلاک ملزم ساجد چانڈیو اے وی ایل سی کے اہلکار کا روپ دھار کر شہریوں کو شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا نشانہ بناتا تھا: پولیس
شائع 27 دسمبر 2025 08:20am

سندھ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک جانب کراچی سے قیمتی گاڑی چھین کر فرار ہونے والے کار لفٹر کو اندرونِ سندھ میں ہلاک کر دیا جبکہ دوسری جانب کرسمس کے روز ڈکیتی میں ملوث ایک ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی چھیننے والے گینگ کے سرغنہ ساجد چانڈیو کو ضلع قمبر شہدادکوٹ میں پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا۔

ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ نے بتایا کہ ملزم کراچی سے چھینی گئی گاڑی لے کر اندرونِ سندھ جا رہا تھا کہ پولیس نے اس کا تعاقب کیا۔ اس دوران ملزم نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں کی گئی فائرنگ سے وہ موقع پر ہلاک ہو گیا، تاہم اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ایس ایس پی حسن سردار کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم ساجد چانڈیو ایک زمانہ کار کار لفٹر تھا اور اس کے خلاف متعدد سنگین مقدمات درج تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم ایک پولیس افسر کی شہادت کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا اور وہ اس سے قبل کئی پولیس مقابلوں میں ملوث رہا۔

پولیس کے مطابق ساجد چانڈیو اے وی ایل سی کے اہلکار کا روپ دھار کر شہریوں کو شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا نشانہ بناتا تھا، چند کلو میٹر کے بعد شہری کو گاڑی سے اتار دیتا اور قیمتی گاڑی لے کر فرار ہو جاتا تھا۔

پولیس نے مقابلے کے بعد چھینی گئی گاڑی برآمد کر کے قریبی تھانے منتقل کر دی، جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں پولیس نے گھروں اور دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک گروہ کے اہم کارندے سجاد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم 25 دسمبر کو محمود آباد نمبر پانچ میں ہونے والی ڈکیتی میں ملوث تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی تھی۔ فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کے بعد پولیس نے کارروائی کر کے اسے گرفتار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول، چھینے گئے زیورات اور موبائل فونز برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ گروہ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔

karachi

Robbery

Sindh Police

car lifter