کراچی: قائداعظم کا مجسمہ خستہ حالی کا شکار، گندگی اور ٹوٹی دیواریں
کراچی میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا نصب مجسمہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث خراب حالت کو پہنچ گیا ہے۔ مجسمے کا رنگ اڑ چکا ہے، اطراف میں گندگی کے ڈھیر موجود ہیں جبکہ حفاظتی دیوار بھی متعدد جگہ سے ٹوٹ چکی ہے۔ شہریوں کے مطابق انتظامیہ کے دفاتر قریب ہونے کے باوجود صورتحال بہتر نہیں بنائی جا سکی۔
کراچی میں 2023 میں لگایا جانے والا قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ خستہ حالی کا شکار ہے۔ چند ہی برس میں اس پر جگہ جگہ بیٹیں جم گئی ہیں اور رنگ ماند پڑ چکا ہے۔
مجسمے کے اطراف صفائی کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں، جہاں کچرا پڑا ہوا نظر آتا ہے جبکہ حفاظتی دیوار کے بعض حصے ٹوٹ چکے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق بعض لوگوں نے قریب عارضی جھونپڑی بھی کھڑی کر رکھی ہے جس سے مجموعی منظر مزید خراب دکھائی دیتا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے دفاتر اسی علاقے میں واقع ہیں، اس کے باوجود مجسمے اور اردگرد کے مقام کی دیکھ بھال پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مجسمے کی مرمت، صفائی اور سیکیورٹی باڑ کی بحالی کے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ مقام مناسب احترام اور دیکھ بھال کے ساتھ محفوظ رہ سکے۔













