کراچی: جمیل چھانگا گروپ کے دو بھتہ خور گرفتار

مقابلے کے بعد زخمی حالت میں پکڑے گئے ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون اور بھتے کی پرچیاں برآمد
شائع 24 دسمبر 2025 11:18am

کراچی کے علاقے گارڈن میں رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث جمیل چھانگا گروپ سے تعلق رکھنے والے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت حماد عرف چیل اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے بھتہ خوری میں استعمال ہونے والی پرچیاں، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان بیرون ملک مقیم بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور اس کے کہنے پر کراچی میں مختلف علاقوں میں بھتہ وصولی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ ملزمان فیکٹری مالکان، دکانداروں، بلڈرز اور ہوٹل مالکان کو بھتے کی پرچیاں دینے میں سرگرم رہے۔

۔

ترجمان کے مطابق حماد اور عبداللہ نے جہانگیر روڈ پر زیر تعمیر عمارت اور گارڈن کے علاقے میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں دو افراد ساجد اور ممتاز زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جس میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں بھتہ خوری اور اقدامِ قتل کے مقدمات پہلے ہی درج ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

karachi

Special Investigation Unit

extortion mafia

traders Extortion

Ranger