خیبرپختونخوا کی وادیاں 2025 میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی پہلی پسند
خیبر پختونخوا نے سال 2025 میں ایک بار پھر سیاحوں کو اپنی قدرتی دلکشیوں، سرسبز وادیوں اور پرسکون ماحول سے مسحورکیا۔ اس کی قدرتی و ثقافتی خوبصورتی ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے مستقل کشش کا سبب ہے۔
محکمہ سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 30 نومبرتک ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد سیاح صوبے کے مختلف مقامات پہنچے۔ ان میں ایک کروڑ بیس لاکھ 45 ہزار سے زائد مقامی سیاح شامل تھے، جبکہ 8 ہزار 362 غیر ملکی سیاح بھی یہاں سیر کرنے آئے۔
وادی سوات اس سال بھی سیاحوں کی سب سے محبوب جگہ رہی، جہاں 27 لاکھ 62 ہزار 55 مقامی اور 5 ہزار 256 غیر ملکی سیاحوں نے وادی کا رخ کیا۔ ناران کاغان کی حسین وادیوں نے 36 لاکھ 78 ہزار 140 مقامی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچا، جبکہ 17 غیر ملکی سیاح بھی یہاں پہنچے۔

گلیات نے بھی سیاحتی فہرست میں نمایا مقام حاصل کیا اور یہاں 29 لاکھ 3 ہزار 20 مقامی اور 278 غیر ملکی سیاحوں نے ااپنی موجودگی درج کرائی، جبکہ کمراٹ ویلی میں 8 لاکھ 73 ہزار 105 مقامی اور 229 غیر ملکی سیاح ان قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوئے۔
کیلاش ویلی اور گرم چشمہ جیسے منفرد ثقافتی و قدرتی مقامات کی کشش نے بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچا، جہاں 2 ہزار 123 غیر ملکی اور 9 لاکھ 21 ہزار 493 مقامی سیاح یہاں پہنچے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی خوبصورت وادیوں میں بہتر کی گئی سہولیات اور سیاحتی مقامات نے سال 2025 کو ایک بار پھر سیاحت کے لیے انتہائی مثبت سال ثابت کیا ہے۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو آنے والے برسوں میں سیاحتی آمدنی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔











