9 مئی کے 2 مقدمات: پی ٹی آئی کے 4 مرکزی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا

اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2025 09:37pm

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے مزید دو مقدمات کا فیصلہ آ گیا، عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزا سنا دی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔

اے ٹی سی لاہورنے سانحہ نو مئی کے دو مقدمات کا کوٹ لکھپت جیل ٹرائل کیا، عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک کنٹینر جلانے کے مقدمے پر فیصلہ سنایا۔

کلمہ چوک کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 37 اور گلبرگ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں 33 ملزمان کے خلاف فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے کلمہ چوک کنٹینر جلانے کے کیس میں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو دس دس سال قید کی سزا سنا دی۔

تھانہ نصیرآباد نے 36 ملزمان کا چالان عدالت میں پیش کیا تھا، میاں اسلم اقبال سمیت مقدمہ کے 12 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔

عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے کیس میں مجموعی طور پر 20 ملزمان کو سزا سنائی جبکہ سجاول ندیم، زمان قادری ، شہروز، محمد کبیر، علی حسن سمیت پانچ ملزمان کو بری کر دیا۔

فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مقدمات معمول کی کارروائی کے لیے مقرر تھے، لیکن ان کیسز میں ہمیں مکمل دفاع کا موقع نہیں دیا گیا۔

رانا مدثرعمر نے مزید کہا کہ رات کے اس اندھیرے میں ایک بار پھر سزائیں سنائی گئیں، ہم ان سزاؤں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔

Kot Lakhpat Jail

Yasmin Rashid

ejaz chaudhary

atc lahore

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

9 May Cases

Anti terrorist court

Umer Sarfaraz

Mahmood ur Rasheed