پی ٹی آئی کی قومی کانفرنس: ”فیصلے سے ثابت ہو گیا، ملک میں انصاف نہیں“

عوام کا اعتمادعدالتوں سےاٹھ چکا ہے، ایک شخص کی دشمنی میں فاصلے بڑھے اور نفرتیں بڑھیں، جنید اکبر
شائع 20 دسمبر 2025 07:49pm

اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی دو روزہ قومی کانفرنس میں پارٹی رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی اور عدالتی فیصلے پراپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے قومی کانفرنس سے خطاب میں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں مل کربیٹھیں، آپ اپنی اصلاح کریں اور ہم اپنی، ہم نئی شروعات کرتے ہیں، تاکہ آگے بڑھیں، آپ جو ملک کے ساتھ کر رہے ہیں وہ بہتر نہیں ہوگا، آج کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ ملک میں انصاف نہیں ہے۔

جنید اکبر نے کہا کہ عوام کا اعتماد عدالتوں سے اٹھ چکا ہے، ایک شخص کی دشمنی میں فاصلے بڑھے، نفرتیں بڑھیں، آج ووٹ دینے والا اہم نہیں، ووٹ گننے والا اہم ہوگیا، جتنا ظلم کرلیں، حکمرانی قانون اور آئین کی ہوگی، انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سزا دینے والوں کو اہمیت نہیں دیتے۔

وزیراعلی خبرپختونخواہ سہیل آفریدی قومی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یہاں 26 ویں اور 27 ویں ترمیم کا ذکر کیا جاتا ہے، ہمیں 26 ویں ترمیم سے پہلے بھی انصاف نہیں ملا، کوئی سوچے کہ جو آج حکومت میں ہے وہ کل بچ جائے گا، ایسا نہیں ہوگا۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بے گناہ ہیں، سیاسی لوگوں کے خلاف غلط روایات قائم کی جا رہی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف بوگس مقدمات قائم کئے گئے۔

وزیراعلٰی کے پی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی جماعت ہی رہنا چاہیئے، کسی کا آلہ کار نہیں۔ یہ جمہوریت کی مضبوطی کی جنگ ہے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کی 2 روزہ قومی کانفرنس سے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

imran khan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

junaid akber

Suhail Afridi

Tosha Khan 2 Case