علامہ اقبال کے مجسمے کی بے حرمتی، سیکیورٹی سپروائزر معطل
لاہور کے گلشن اقبال پارک میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مجسمے کی بے حرمتی کے واقعے پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی سپروائزر کو معطل کردیا ہے۔
گلشن اقبال پارک میں چند روز قبل بچوں کی جانب سے علامہ اقبال کے مجسمے کی بے حرمتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے وقت پارک میں موجود والدین اور دیگر افراد بچوں کو روکنے کے بجائے ویڈیو بنانے میں مصروف رہے، جبکہ بعض افراد نے اس واقعے کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے راجہ منصور احمد نے فوری کارروائی کی۔ پی ایچ اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلشن اقبال پارک کے سیکیورٹی سپروائزر امتیاز حسین کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی سپروائزر کی ذمہ داری تھی کہ وہ پارک میں نظم و ضبط کو یقینی بناتا اور اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کرتا، تاہم غفلت ثابت ہونے پر اسے فوری طور پر معطل کیا جا رہا ہے۔
پی ایچ اے حکام کے مطابق واقعے کی مزید جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔














