ایپسٹین اسکینڈل میں نئی پیشرفت، امریکی کانگریس نے مزید تصاویر جاری کر دیں
امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹس نے بدنام زمانہ قیدی اور جنسی مجرم جیفری ایپ اسٹائن کے اثاثے سے 68 نئی تصاویر جاری کیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرزکے مطابق نئی جاری کردہ تصاویر میں ایک کتاب ”لولیتا“ کے اقتباسات کو ایک خاتون کے جسم پر سیاہ سیاہی میں لکھا گیا دکھایا گیا ہے، جس میں سینہ، پاؤں، گردن اور پیٹھ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ روس، مراکش، اٹلی، چیک ریپبلک، جنوبی افریقہ، یوکرین اور لتھوانیا کی خواتین کی شناختی کارڈز کو چھپایا گیا (ریڈیکٹڈ) ہے۔
تصاویر میں ایک دیر رات کا ٹیکسٹ پیغام بھی شامل ہے، جس میں کسی ”جے“ نامی شخص کے لیے لڑکیاں بھیجنے کا ذکر اور فی لڑکی ایک ہزار کی رقم دکھائی گئی ہے۔
یہ 68 تصاویر ایپ اسٹائن کے اثاثے کی طرف سے ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی کو جاری کی گئی تقریباً 95,000 تصاویر کا حصہ ہیں۔ پچھلے ہفتے، ڈیموکریٹس نے 19 تصاویر جاری کی تھیں، جن میں موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل تھے، جنہوں نے تصاویر کو ”کوئی بڑی بات نہیں“ قرار دیا۔
اس کے علاوہ نئی تصاویر میں ارب پتی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، پروفیسر اور سیاسی کارکن نوام چومسکی، اور سابق ٹرمپ مشیر اسٹیو بانون کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
جیفری ایپسٹین کون تھا؟
جیفری ایپسٹین ایک امریکی فنانسر تھا جس پر جنسی جرائم کے الزامات تھے جس کے مطابق اس نے نابالغ لڑکیوں کو جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا۔ اس پر یہ بھی الزام تھا کہ وہ اپنی دولت اور تعلقات کے ذریعے طاقتور افراد کو نوازتا اور انہیں نابالغ لڑکیوں تک رسائی دیتا رہتا تھا۔ جیفری ایپسٹین نے 2019 میں جیل میں ہی خودکشی کر لی تھی۔
ایپسٹین فائلز کیا ہیں؟
یہ دستاویزی مجموعہ ہے جو امریکی وزارت انصاف اور ایف بی آئی کی تحقیقات پر مبنی ہے، جس میں ایپسٹین اور اس کے نیٹ ورک کے زیر استعمال مختلف ذرائع جیسے روابط کی فہرستیں، فلائٹ ریکارڈز، عدالتی کاغذات اور متاثرین کی گواہیاں شامل ہیں۔
یہ دستاویزات اس لیے اہم ہیں کہ ان میں بہت سے مشہور شخصیات کے نام آتے ہیں جو مبینہ طور پر ایپسٹین کے نیٹ ورک میں شامل رہے یا جن سے ان کے تعلقات رہے اور اس میں امریکی صدر ٹرمپ سمیت کئی بڑے ناموں کا ذکر خصوصی طور پر اہم رہا ہے۔












